پارہ چنار : عوام کیلئے خوشخبری
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) نسیم ویلفئیر ٹرسٹ پاراچنار کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار کو دو ڈائلیسیز مشینیں فراہم کی گئی ہیں، مشینوں کی فراہمی سے گردوں کے مریضوں کے مشکلات میں کافی حد تک کمی آئے گی۔ نسیم ویلفئیر ٹرسٹ پاراچنار کے معروف سماجی رہنما یوسف لالا المعروف ایدھی کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار میں سہولیات کے فقدان کے باعث گردوں کے مریض ڈائلیسیز کے لئے ملک کے دیگر شہروں کو علاج کی غرض سے جانے پر مجبور تھے جس سے مریضوں کو نہ صرف مالی مشکلات کا سامنا تھا بلکہ وہ در در کی ٹھوکریں کھانے پر بھی مجبور تھے۔ مریضوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نسیم ویلفئیر ٹرسٹ کے اراکین کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں دو ڈائلیسیز مشینیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کو فراہم کردی گئی ہیں، جس سے گردوں کے مریضوں کو گھر کی دہلیز پر ہی سہولیات میسر ہوگئی ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے بریگیڈئیر اختر علیم، ڈپٹی کمشنر بصیر خان وزیر، نسیم ویلفئیر ٹرسٹ پاراچنار کے کارکنان سمیت ہسپتال کے ڈاکٹروں نے کافی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاک فوج کے بریگیڈیئر اختر علیم اور ڈپٹی کمشنر بصیر خان وزیر نے باقاعدہ طور پر مشینوں کا افتتاح کیا، ڈائلیسیز مشینوں کی تنصیب اور افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے معروف سماجی رہنما یوسف لالا نے بتایا کہ 2011ء سے پاراچنار میں دہشت گردی کے بڑے واقعات رونما ہونے کے بعد سے اب تک وہ حکام بالا سے پاراچنار ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں مگر تاحال کسی قسم شنوائی نہیں ہو رہی، جس کی وجہ سے سات لاکھ کی آبادی کے لئے واحد ہسپتال میں سہولیات کی فقدان اور ڈاکٹروں کی کمی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم، آرمی چیف اور دیگر اعلٰی حکام سے پاراچنار ہسپتال کو اپ گریڈ کرکے اے گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔