شیعہ سنی اکابرین پُرامن محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں، اصغریہ علم و عمل
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی صدر سید پسند علی رضوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، شیعہ اور سنی اکابرین پُرامن محرم الحرام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں، ماتمی جلوسوں میں شامل عزاداران سید الشہداء (ع) کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ اپنے ایک بیان میں پسند علی رضوی نے کہا کہ ایام عزا محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی پلان بنائے جائیں، امن کے دشمن، شرپسند عناصر کو گرفت میں لایا جائے، کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اخوت، صبر، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس لئے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں اور امن دشمن و شرانگیز عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں۔ انہوں نے کہا کہا علماء کرام اپنے خطبات میں صبر و تحمل، اتفاق و اتحاد، قومی یگانگت اور اخوت و بھائی چارے کا درس دیں۔