Uncategorized

شیعہ علماءکونسل کے وفدکی ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات،عزاداری میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار

شیعہ علماء کونسل پنجاب کے وفد نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت علامہ حافظ کاظم رضا نقوی نے کی۔ شیعہ علماء کونسل کے وفد نے ڈپٹی سپیکر کو محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں پر بے جا پابندیوں کے حوالے سے اپنے تحفظ کا اظہار کیا۔ علامہ حافظ کاظم رضا نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بعض شہروں میں اہل تشیع کو مجالس اور جلوس عزاء برآمد کرنے سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہمارا آئینی حق ہے جس کیلئے ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، ہمارے ملک کا آئین ہمیں مکمل مذہبی آزادی دیتا ہے لیکن بعض بیوروکریٹس جان بوجھ کر صوبے کی فضا خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کے کسی پروگرام پر کوئی پابندی قبول نہیں کی جائے اس حوالے سے حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے۔ ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری نے وفد کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شیعہ علماء کونسل کیساتھ عزاداری کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک کو امن اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائیں گے۔ دوست مزاری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملت جعفریہ کی آواز پر زائرین کے مسئلے کو بھی حل کر دیا ہے اب ایران جانیوالے زائرین کو کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی حکومت عزاداری کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین جب مذہبی آزادی دیتا ہے تو کسی کو کوئی حق نہیں کہ وہ رکاوٹیں کھڑی کرے۔ انہوں نے علماء کے وفد سے درخواست کی کہ علماء بھی مجالس میں فرقہ وارانہ اور توہین آمیز گفتگو سے پیرہز کریں اور مخالف فرقے کی مقدسات کا احترام ملحوظ خاطر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسی ریاست بنائیں گے جس میں تمام مکاتب فکر بھائیوں کی طرح رہیں گے، ایک خدا، ایک نبی اور ایک کتاب کے ماننے والے کافر نہیں ہیں بلکہ یہ دشمن کی لگائی ہوئی آگ ہے جسے ہم نے قابو کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button