افسوس نئے پاکستان میں بھی مذہبی آزادیوں کو مجروح کیا جا رہا ہے، علامہ نیاز نقوی
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام شہری آزادیوں اور مسلمہ آئینی حقوق کی بنیاد ہے جسے گذشتہ حکومت کی طرح نئی حکومت بھی پامال کر رہی ہے، اب تو غیر اسلامی ممالک میں بھی عزاداری کیلئے کوئی پابندی نہیں لیکن افسوس کہ حکومت کو بدنام کرنیوالے عناصر اوچھے ہتھکنڈوں سے مذہبی آزادیوں کو مجروح کر رہے ہیں۔ مجالس کے انعقاد پر مقدمات، عزاداری کو محدود کرنے کی سابقہ پالیسیوں کا تسلسل تبدیلی کے دعووں کی صریح نفی ہے۔ ریاستی اداروں کی طرف سے عزاداری کے جلوسوں میں رکاوٹ مقبوضہ کشمیر کے بعد پنجاب میں نظر آئی۔
لاہور میں علما کے وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی، علامہ شیخ محسن علی نجفی اور علامہ سید محمد تقی نقوی جیسی جلیل القدر علمی شخصیات کی مختلف اضلاع میں داخلے پر پابندی پنجاب حکومت کا مذموم اقدام ہے جس سے حکومت کو شرمندگی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔ پابندیوں کے ظالمانہ اور غیر آئینی اقدامات کو واپس لیا جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ عمران خان سابقہ حکومت کے اقدامات پر تنقید کرتے رہے ہیں مگر اہم قومی مسائل پر وزیراعظم کے متضاد بیانات اس منصب کے شایان شان نہیں۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ محرم میں سکیورٹی انتظامات بہتر ہوئے، ماہ صفر کے آخر تک انتظامیہ اور امن و امان کے ادارے مجالس کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دیں، تاہم جلوسوں کو کرفیو کے ماحول سے نکالا جائے۔