دین اسلام کی آج اصلی حالت میں موجودگی امام حسینؑ کی قربانیوں کا ثمر ہے، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دین کی سلامتی کیلئے باطل قوتوں، ظلم و جبر کیخلاف ڈٹ جانا حسینیتؑ ہے، دین اسلام آج ہمارے درمیان اصل حالت میں موجود ہے، تو یہ سیدنا امام حسینؑ کی قربانیوں کا ثمر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر منعقد شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر علامہ محمود قادری نے بھی خطاب کیا، جبکہ ارکان مرکزی رابطہ کمیٹی محمد مبین قادری، فہیم الدین شیخ، محمد طیب قادری، محمد شہزاد قادری، محمد آصف رضا و دیگر علماءکرام و عہدیداران بھی موجود تھے۔ ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ سیدنا امام حسینؑ نے میدان کربلا میں دین حق کی بالادستی کیلئے سر تو کٹوا دیا، مگر ظالم، جابر و باطل کے سامنے جھکایا نہیں، شہدئے کربلا کی قربانیاں اور ان کی یاد قیامت تک منائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا امام حسینؑ نے مسلمانوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ اپنے دین اور ملک کی سلامتی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حسینی کردار اور فکر کو شعار بنا کر ہی باطل قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔