آئی ایس او کے سابق رہنما عابد حسین سیال ایڈووکیٹ کے ایصال ثواب کیلئے مجلس ترحیم
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیرِانتظام المصطفیٰ ہاؤس مسلم ٹاؤن میں سابق ڈویژنل صدر لاہور عابد حسین سیال ایڈووکیٹ مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے مجلس ترحیم منعقد ہوئی، جس میں مرکزی صدر انصر مہدی، سابق مرکزی صدر عادل بنگش، تہور حیدری، سابق مرکزی جنرل سیکرٹری علی رضا نقوی، نثار ترمزی، اقبال زیدی سمیت سابقین آئی ایس او کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مجلس ترحیم میں محسن عابدی اور مختار حسین نے منقبت خوانی اور نادر ہاشمی کا مرحوم کے بارے خصوصی کلام پیش کیا گیا۔ سابق مرکزی صدر عادل بنگش نے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات مرحوم عابد حسین سیال ایڈووکیٹ کیساتھ وابستہ یادوں کو بیان کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عابد حسین سیال کی زندگی سے ہمیں یہ سیکھنا چاہیئے کہ حالات جتنے بھی مشکل ہوں حق پر رہتے ہوئے جدوجہد کو جاری رکھنا چاہئے۔ مجلس عزاء سے علامہ حسن رضا ہمدانی نے خطاب کیا۔ مجلس ترحیم سے قبل قرآن خوانی اور بعد ازاں ماتم داری بھی کی گئی۔ عابد حسین سیال علالت کے باعث گذشتہ روز کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ مرحوم کو ان کے آبائی علاقے ضلع دادو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔