غاصب صیہونی حکومت نے سن انّیس سو سڑسٹھ سے قبضہ کر رکھا ہے
شامی مندوب نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ شام، مقبوضہ جولان کے علاقے میں صیہونی حکومت کے اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔بشار الجعفری نے امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی اور یہودی ملک کے قانون جیسے اقدامات کو بھی جو فلسطینیوں کے حقوق کو اہمیت نہیں دیتا، سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد تینتیس چودہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس قرارداد کی بنیاد پر غاصبانہ قبضے کے مقابلے میں خاموشی اختیار کرنے والے ممالک، دیگر قوموں اور ملکوں پر ہونے والی جارحیت میں شریک ہیں۔واضح رہے کہ جولان کا علاقہ ایک ایسا پہاڑی علاقہ ہے جو شام میں واقع ہے اور شام کے صوبے قنیطرہ کا ایک حصہ ہے۔یہ علاقہ دمشق سے صرف ستّر کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اس علاقے پر غاصب صیہونی حکومت نے سن انّیس سو سڑسٹھ سے قبضہ کر رکھا ہے۔