پاکستانی شیعہ خبریں

حکومت زائرین کو ہر ممکن سہولت دے رہی ہے، شہریار خان آفریدی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری نے تفتان باڈر کا دورہ کیا ہے، بعد میں کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریار خان آفریدی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایران اور عراق جانے والے زائرین کے مسائل کے حل کیلئے تفتان اور کوئٹہ کا دورہ کرکے پاکستان ہاؤس تفتان میں زائرین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا ہے، متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں اور اس حوالے سے ایف آئی اے، کسٹم اور متعلقہ تمام اداروں کو ٹیم ورک کے طور پر کام کرنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے زائرین کو کوئی سہولیات فراہم نہیں کیں، ایران اور عراق جانے والے زائرین کو سکیورٹی کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں میرا مختصر عرصے کے دوران بطور وزیر مملکت برائے داخلہ تیسرا دورہ بلوچستان ہے جبکہ تفتان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ایمگریشن کا معاملہ آسان کر دیا گیا ہے، اب زائرین کو بارڈر پر زیادہ دیر ٹھہرنا نہیں پڑے گا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے دو مہینے کے اندر زائرین کو جو سہولیات فراہم کی ہیں، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، بلوچستان اور گلگت بلتستان جیسے چھوٹے صوبوں کی ترقی سے پاکستان کو دنیا میں مزید عزت ملے گی جبکہ وفاقی حکومت تمام مذاہب اور مسالک کے پیروکاروں کو ان کی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

 زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، کمانڈر سدرن کمانڈ، فرنیٹئر کور، مقامی انتظامیہ تمام سٹیک ہولڈز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے سید ذوالفقار عباس بخاری کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہتر ٹیم ورک کے نتیجے میں ہی ہم پاکستان ہاؤس میں زائرین کو تمام سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، مختصر عرصے میں 44 ہزار زائرین نے امیگریشن سسٹم سے گزر کر تفتان بارڈر کے ذریعے مقدس مقامات کی زیارت کی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ انہوں نے ایران کی سرحد میں جاکر بھی زائرین سے ملاقات کی ہے اور ان کے حالات جانے ہیں۔ وہ ایرانی حکومت اور پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کے بھی بیحد شکر گزار ہیں۔ ایک دن آئے گا کہ زائرین کا یہ روٹ بزنس حب بن جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button