کرم، قبائلی عمائدین کا گرلز ڈگری کالج کی کارکردگی پر اظہار اطمینان
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )ضلع کرم کے قبائلی عمائدین نے کہا ہے کہ گرلز ڈگری کالج صدہ کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے لوگ بہتر تبدیلی محسوس کررہے ہیں اور ایف اے ، ایف ایس سی میں حالیہ سو فی صد رزلٹ پرنسپل کی شبانہ روز کوششوں کا نتیجہ ہے۔ پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک عطاءاللہ جان بنگش، حاجی مسافر گل اورکزئی، موسی خان خوئیداد خیل، محمد عمر منتوال اور دیگر قبائلی عمائدین نے کہا کہ گرلز ڈگری کالج صدہ کی کارکردگی میں موجودہ پرنسپل کی کوششوں کی وجہ سے تیزی سے بہتری آرہی ہے اور کالج کے بہترین نتائج اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کالج کے خلاف نہ صرف منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں بلکہ مختلف طریقوں سے کالج کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سال بی اے، بی ایس سی میں پچاس طالبات نے داخلہ لیا ہے اور کالج کی بہتر کارکردگی کے حوالے سے والدین مطمئن ہیں۔ قبائلی عمائدین نے مطالبہ کیا کہ قبائلی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرلز کالج میں مردوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور موجودہ حکومت کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔