علامہ راجہ ناصرعباس کی کلایہ بازاراور چائنیز قونصلیٹ پر دہشت گردحملوں کی مذمت ، قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کراچی میں چائنیز قونصل خانےاور لوئر اورکزئی (کلایہ) میں حملہ کرنے والے ایک ہی مائنڈسیٹ کے پیروکار ہیں،دونوں سانحات میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کی بزدلانہ کاروائی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کی شدید مذمت کرتے ہیں،افغانستان میں انڈیا امریکہ گٹھ جوڑ خطے کی امن کے لئے خطرناک ہے،دشمن ملک میں دہشتگردی کے ذریعے سی پیک منصوبے میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتاہے ، قوم متحد ہو کر ملک دشمنوں کی سازش کو ناکام بنائیں،اس المناک سانحے پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ سے میڈیاکوجاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔
انہوںنے کہاکہ حکومت ان دہشتگردوں کیخلاف عملی اقدامات کرتےہوئے ان ملک دشمنوں کو نشان عبرت بنائے،دہشت گرد بی ایل اے ہو یا داعش پاک وطن کے دشمن ہیں، ان کیخلاف فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہو چکےہیں،ملک میں جب تک دہشتگردوں کے سیاسی سرپرست آزاد ہیں اس ناسور سے نجات ملنا ممکن نہیں،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اورکزئی کلایہ بازاراور چائنیز قونصلیٹ کراچی میں دہشت گردحملوں میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے، انہوں نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین غم کی اس گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔