صوبہ پنجاب کے برابر مالی امداد دی جائے، کلایہ بازار خودکش حملہ کے متاثرین کا مطالبہ
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) قبائلی ضلع لوئر اورکزئی میں خودکش حملے سے متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں صوبہ پنجاب کے برابر مالی امداد دی جائے۔ میڈیا سے گفتگو میں کلایہ سے تعلق رکھنے والے ملک خادم حاجی کا کہنا تھا کہ بازار پر خودکش حملہ نہایت ہی افسوسناک امر تھا کہ اس میں غریب و نادار قبائلی عوام کو ہی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے ملک کیلئے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں، اس لئے حکومت کو چاہیئے کہ متاثرہ خاندانوں کو پنجاب جیسے اور جتنے معاوضے دیئے جائیں۔ دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے گورنر شاہ فرمان کی جانب سے اعلان کردہ 10، 10 لاکھ روپے کی امداد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ملک خادم حاجی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں ان غریب خاندانوں کی ضروریات ان پیسوں سے پوری نہیں ہوں گی۔
خودکش دھماکے کے وقت بازار میں موجود روم اورکزئی نامی ایک اور قبائلی مشر نے حکومتی امداد کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالی تعاون سے زیادہ بم دھماکوں کی روک تھام ضروری ہے، کیونکہ قبائلی عوام کی آنکھیں امن کو ترس رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ خودکش دھماکے میں ملوث افراد کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور جو کوئی بھی ان کا سہولتکار تھا، اسے فوری طور گرفتار کیا جائے۔ یاد رہے کہ 23 نومبر کو لوئر اورکزئی کے کلایہ بازار میں خودکش دھماکہ ہوا تھا، جس میں 33 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے، تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سے گل علی جان آج دم توڑ گیا ہے، جس کے ساتھ شہداء کی تعداد 34 ہوگئی۔