مجلس وحدت مسلمین نے ایک اور نشست پر پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کردیا
شیعہ نیوز )پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ( مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن نے ضمنی انتخابات حلقہ پی ایس 94 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے اپنے وفد کے ہمراہ وحدت ہاوس میں ایم ڈبلیوایم رہنماوں سے ملاقات کی اور دونوں جماعتوں کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی گئی۔ کانفرنس سے خطاب میں ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے سیکٹری سیاسیات علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیوایم مثبت اور تعمیری سیاست پر یقین رکھتی ہے، ملک کی ترقی و استحکام اور امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیحات میں سے ہیں جس کو حقیقی شکل دینے کے لئے تکفیری اور انتہاء پسند قوتوں سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔
علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارا اور پاکستان تحریک انصاف کا منشور ایک ہی ہے، ہم بھی قائداعظم و علامہ اقبال کا پاکستان چاہتے ہیں اور پی ٹی آئی بھی کرپشن سے پاک پاکستان کی خواہاں ہے، ہم بھی تکفیریت کا خاتمہ چاہتے ہیں پاکستان تحریک انصاف بھی پاکستان سے شدت پسندی کا خاتمہ چاہتی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کرپشن اور دہشتگردی کے خلاف پورے عزم سے مشترکہ جدوجہد کا اعلان ہے، کرپشن و شدت پسندی کی مخالفت میں پاکستان تحریک انصاف ہماری ہم خیال جماعت ہے، انشاء اللہ 27 جنوری 2019ء کے ضمنی انتخابات میں حلقہ پی ایس 94 کا ساتھ محض بیانات تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ہم الیکشن مہم سے نتائج آنے تک اپنے کارکنوں کے ہمراہ میدان میں موجود رہیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری و ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی ایس 94 میں آپ کے تعاون کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ایم ڈبلیو ایم ملت تشیع کی نمائندہ اور عوامی جماعت ہے اور ہر قومی ایشو پر یہ جماعت میدان میں موجود رہی ہے، ان کی قومی خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، حلقہ پی ایس 94 میں مسائل کی بھرمار ہے، سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائی جائیگی، اس حلقہ میں ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے حمایت کے اعلان کے بعد ہماری فتح کو یقینی قرار دیا جا رہا ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم ہی مذکورہ حلقہ سے کامیاب ہوں گے۔ پریس کانفرنس میں امیدوار حلقہ پی ایس 94 اشرف قریشی، نواز خان، عدنان اسماعیل، ایم پی اے عباس جعفری، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور جعفری، میر تقی ظفر، ناصر الحسینی، احسن عباس، سجاد سمائری سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔