انٹیلیجنس رپورٹس میں پنجاب کیلیے خطرے کی گھنٹی، داعش اور القاعدہ کاروائی کرسکتی ہیں
شیعہ نیوز )پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ( ملک کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب تکفیری دہشتگردوں کے نشانے پر ہے۔ انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق انتہائی خطرناک دہشتگرد گروپس صوبہ پنجاب کو نشانہ بنانے کا ہدف رکھتے ہیں، جن میں القاعدہ انڈین سب کانٹینٹ (اے کیو آئی ایس)، ٹی ٹی پی اور داعش سرفہرست ہیں۔ ان دہشتگرد گروہوں کے پرائمری ٹارگٹس میں سکیورٹی ادارے اور ان کے افسران جبکہ سی پیک سے جڑے پراجیکٹس اور افراد بھی شامل ہیں۔
دہشتگردوں کے ٹارگٹس میں سیاسی شخصیات، سیاسی و مذہبی قیادت اور اجتماعات شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان دہشتگرد گروہوں میں سے "ٹی ٹی پی” دیگر اہداف کو بھی نشانہ بنا سکتی ہے۔ دہشتگرد گروہوں کے سلیپر سیلز اور ایکٹو گروپس کی زیادہ تعداد جنوبی پنجاب میں سامنے آئی ہے۔
انٹیلیجنس ایجنسیوں نے کذشتہ کچھ عرصے میں آپریشنز کے دوران 20 تکفیری دہشتگرد گرفتار کیے ہیں، ان دہشتگردوں کو ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، خوشاب اور چکوال سے گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ چار خطرناک دہشتگرد دو آپریشنز کے نتیجہ میں فیصل آباد اور گوجرانولہ میں مارے جاچکے ہیں۔