انقلاب اسلامی شیعہ نہیں بلکہ اسلام کے تمام مسالک کا انقلاب ہے، آیت اللہ اعرافی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حوزہ ہائے علمیہ ایران کے سربراہ اور امام جمعہ قم آیت اللہ الشیخ علی رضا اعرافی نے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی ، اسلام کی قوت اور اتحاد و وحدت کا پیغام ہے۔ انقلاب اسلامی، شیعہ یا ایران کا نہیں، یہ اسلام کے تمام مذاہب اور معارف الٰہی کا انقلاب ہے، مکتب اہلبیت کے علمی مرکز قم کے مدرسہ فیضیہ سے اٹھنے والا انقلاب، قرآن، اسلام اور امت کی آواز ہے جو پوری دنیا تک پہنچ چکی ہے۔
ایران فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے، دنیا کی اکثریت آبادی اہلسنت ہے، انقلاب اسلامی، امت کے درمیان وحدت کی تاکید اور تکفیری رویوں کے خاتمے پر زور دیتا ہے۔ 20 مجتہدین کے فتاویٰ موجود ہیں کہ دوسرے مذاہب اسلامی کی توہین جائز نہیں۔ اس سے اسلام دشمنوں کو شکست ہو رہی ہے، جو مسلمانوں میں فرقے کی بنیاد پر اختلاف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انقلاب اسلامی دنیا کی تمام ملتوں اور ممالک کو وحدت کی دعوت دیتا ہے۔
اس تقریب کی صدارت وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر حافظ ریاض حسین نجفی نے کی، جبکہ علامہ قاضی نیاز نقوی، علامہ افضل حیدری، علامہ محمد حسین اکبر، علامہ سبطین حیدر سبزواری، مولانا اعجاز حیدری، ایران سے آئے مہمان حجت الاسلام سعیدی نجفی، ڈاکٹر محمد حسینی اور لاہور میں ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری بھی موجود تھے۔ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایسے دور میں رونما ہوا، جب مغربی مفکرین دعوے کرتے تھے کہ اسلام کے پاس معاشرتی اور سیاسی مسائل کا حل موجود نہیں۔ فرزند اسلام امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ 11 فروری 1979ء کو انقلاب برپا کرکے ثابت کر دیا کہ صرف اسلام اور قرآن ہی عالمی مسائل حل کرسکتا ہے۔ انہوں نے جامعۃ المنتظر اور اہلسنت کی ممتاز درسگاہ جامعہ اشرفیہ کے درمیان باہمی روابط کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیعہ سنی اتحاد امت محمدی کیلئے بہتر ہے اور یہی انقلاب اسلامی کا پیغام بھی ہے، جو کہ سیاسی اور اقتصادی کی بجائے فکری، علمی اور معرفتی ہے۔