بے مقصد تنظیمیں اور بے تربیت کارکنان ہمارے معاشرے کا المیہ ہیں، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء محمد یعقوب شہباز نے کہا ہے کہ تنظیمیں مقاصد اور حصول کا ذریعہ ہوا کرتی ہیں، جس کے ذریعے انسان اپنے اعلیٰ اہداف تک پہنچتا ہے، لیکن اگر تنظیمیں بغیر مقصد کے معاشرے میں کام کریں، تو معاشرے کی اصلاح کے بجائے نقصان ہوتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ آج ہم جس معاشرے میں زندگی گزار رہے ہیں اور پاکستان جن مسائل سے دوچار ہے، اُس کی بنیادی وجہ تنظیموں کا بے مقصد ہونا اور کارکنان کا بے تربیت ہونا ہے، لہٰذا کارکنان کو چاہیئے کہ معاشرے کی اصلاح سے پہلے خود سازی اور اصلاح نفس کیلئے اپنی تربیت کریں اور جب انسان ایک منزل تک پہنچ جائے، تو پھر معاشرے کے بگاڑ کی اصلاح کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارا معاشرہ مختلف انحرافات کا شکار ہے، جس کی وجہ سے ملک میں انارکی پھیلی ہوئی ہے۔
یعقوب شہباز نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو دو چیلنجز کا سامنا ہے، ایک مغربی ثقافتی یلغار ہے، جس نے معاشرے میں بے حیائی کو پروان چڑھایا ہے، دوسرا چیلنج ملک میں جاری دہشتگردی ہے، جس کی وجہ سے پاکستان کی سالمیت داؤ پر لگی ہوئی ہے، ایسے معاشرے میں وہ افراد کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں اور ملک کو ان چیلنجز سے نکال سکتے ہیں، جو خود تربیت یافتہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو چاہیئے کہ اپنے اسٹوڈنٹس ونگز کی تربیت کریں، تاکہ ملک کو جو مسائل درپیش ہیں، اُن کا سامنا کیا جاسکے۔