Uncategorized

لاہور، علامہ سید جواد نقوی اور جماعت اسلامی میں قربتیں بڑھنے لگیں

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  جماعت اسلامی پاکستان کے وفد نے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی سربراہی میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ کیا۔ وفد میں جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔ وفد نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ اور تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے وفد کو جامع مسجد بیت العتیق، ہسپتال، سکول اور لائبریری سمیت جامعہ کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے جامعہ کے تعلیمی نظام اور فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی تعلیمی اور فلاحی خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ میں شیعہ سنی اساتذہ کی مشترکہ تدریسی سرگرمیاں اور جدید علوم کو نصاب میں شامل کرنا ایک احسن اقدام ہے۔

علامہ سید جواد نقوی نے جماعت کے وفد کو خوش آمدید کہا، ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں وحدت اور اتحاد امت کیلئے کوشاں ہیں اور وہ تمام مکاتب فکر کو متحد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے ہاتھوں بھاری نقصان اٹھایا ہے، جبکہ مستقبل میں دہشتگردی کو اتحاد سے شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو مشترکات پر متحد ہونے کی دعوت دیتے ہیں اور اس حوالے سے تمام مکاتب فکر کی جانب سے ردعمل حوصلہ افزاء رہا ہے۔ لیاقت بلوچ نے علامہ سید جواد نقوی کو منصورہ کے دورے اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی دعوت بھی دی، جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی منصورہ کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ علامہ سید جواد نقوی شیعہ قائدین سے اختلاف اور ان پر الزام تراشیوں میں اپنی شہرت رکھتے ہیں اور اپنے علاوہ تمام شیعہ تنظیموں اور گروہوں کو ولایت مخالف اور طاغوت قرار دیتے رہے ہیں جنکہ پاکستان میں اپنی منافقت میں مشہور جماعت اسلامی سے ان کی قربتیں پہلے سے زیادہ بڑھنے لگی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button