Uncategorized

جعفر طیار، علمدار مسجد و امام بارگاہ کے سامنے پنجتنؑ پاک کی بلڈنگ منہدم

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)کراچی کے علاقے ملیر میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر 3 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی، جس کے ملبے سے ایک شخص کی لاش اور 4 زخمیوں کو نکال لیا گیا جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پیر کی صبح جعفر طیار سوسائٹی میں 3 منزلہ عمارت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد امدادیں ٹیمیں اور دیگر حکومتی مشینری جائے وقوع پر روانہ کردی گئیں۔ابتدائی طور پر ریسکیو اہلکاروں اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کی کوشش کی۔ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ عمارت کے ملبے سے 4 زخمیوں کو نکال لیا گیا جبکہ بعد ازاں ایک شخص کی لاش بھی ملبے سے نکالی گئی۔حکام کے مطابق عمارت 30 سال پرانی تھی اور اس میں 3 خاندان رہائش پذیر تھے اور ملبے تلے مزید کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ادھر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں عمارت گرنے کا نوٹس لے لیا۔صوبے کی دونوں اعلیٰ شخصیات کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ ملبے تلے دبے افراد کو فوری طور پر نکالنے کے لیے انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ کمشنر کراچی خود امدادی کاموں کی نگرانی کریں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید ہدایت کی کہ ہر صورت میں انسانی جان کو بچایا جائے۔اس واقعے کے حوالے سے میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ عمارت گرنے کا واقعہ صبح سویرے پیش آیا، فائر بریگیڈ کا عملہ ایسی صورت حال سے نمٹنے کی اہلیت رکھتا ہے۔وسیم اختر کا کہنا تھا کہ انسداد تجاوزات ٹیم کو بھی امدادی کارروائیوں میں استعمال کریں گے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کا عملہ گرنے والی عمارت کی جگہ پہنچ چکا ہے۔علاوہ ازیں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر نے واقعے کے بارے میں بتایا کہ منہدم عمارت میں 3 خاندان رہائش پذیر تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button