جعفر طیار بلڈنگ سانحےکے متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کراچی کی شیعہ نشین آبادی جعفرطیار میں گزشتہ روزعمارت گرنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کےچار افراد جاں بحق ہوگئےتھے۔
اس موقع پر اہل علاقہ، سکاؤٹس رضاکاروں اور ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے افراد کو نکالنے کا کام انجام دیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکٹری جنرل نے وفد کے ہمراہ جائے حادثہ پہنچ کر متاثرہ خاندان کے لواحقین سے تعزیت کی۔علامہ احمد اقبال رضوی نےمیڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعفرطیار بلڈنگ گرنے کے سانحہ پر اہل محلہ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان نے ہر ممکن تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی تمام قیادت کو سانحہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہیں اور جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
علامہ احمد اقبال رضوی نے مزید کہا کہ صوبائی و شہری حکومت کی جانب سے بروقت کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی، عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت واقعہ کے دو گھنٹہ تک ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے مکینوں کو چاہیئے کہ علاقہ میں موجود دیگر بلند عمارتوں کی جلد از جلد انسپیکشن کروائیں، تاکہ مستقبل میں ایسے کسی سانحہ سے بچا جا سکے۔