فخر ہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت قابل اور اہل لوگوں کے ہاتھ میں ہے، علامہ مبارک موسوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فوج کے جواب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت قابل اور اہل لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔
علامہ مبارک موسوی نے بھارتی جارحیت اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔ لاہور میں علماء سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں، پاکستان کی تحمل مزاجی کو بزدلی نہ سمجھا جائے۔ پاک افواج نے ہر موقع پر ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی اور اب بھی پاک افواج دشمن کو دھول چٹانے کیلئے مکمل تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ائیر فورس کے جوانوں نے آج جس طرح بھارتی طیاروں کو مار گرایا ہے وہ قابل تعریف ہے اور ہمیں اپنے جوانوں پر فخر ہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت قابل اور اہل لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ائیر فورس کے ونگ کمانڈر کو زندہ گرفتار کرنا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، اب پاکستان کا کیس عالمی سطح پر مضبوط پوزیشن میں ہے۔
علامہ سید مبارک موسوی نے پاکستان میں موجود اور بیرون ملک پاکستانیوں سے ملک خداداد کی حفاظت اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی بھی اپیل کی۔