پاکستان کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا، اصغریہ اسٹوڈنٹس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) محسن علی اصغری مرکزی صدر اصغریہ اسٹوڈنٹس نے اپنے بیان میں نے کہا ہےکہ پاکستان کی محافظ افواج نے بھارتی حملے کا جواب دیکر امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
محسن علی اصغری نے کہا ہے کہ بھارت امن کا دشمن ہے، جو ہر بار کی طرح رات کی تاریکی میں بزدلانہ کاررواہی کرکے بھاگ جاتا ہے، جبکہ مملکت خداداد پاکستان کی محافظ افواج نے بھارتی حملے کا جواب دیکر امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کے دلوں کو سکون بخشا ہے۔ اپنے بیان میں محسن علی اصغری نے کہا کہ بھارتی افواج کی بربریت کا جواب ایسے ہی دیا جانا چاہیے، ہم امن چاہتے ہیں لیکن بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھتا رہا ہے، پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر ہے، ملکی یکجہتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
محسن علی اصغری نے کہا کہ پاکستانی عوام، ہمسایوں اور خطے کے مفاد میں امن کا راستہ چنتے ہیں، قومی سلامتی کے معاملے پر تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر پوری قوم کو متحد ہو کر پیغام دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا، ملکی دفاع اور سالمیت کیلئے پوری قوم متحد اور متفق ہے، پاکستان کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا، تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے عزم سے ہی حساس معاملات کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، بھارت نے آگ سے کھیلنے کی کوشش کی تو صفحہ ہستی سے مٹ جائیگا۔