پاکستان خودمختار ملک ہے، ہماری عسکری قوتیں ملک کا دفاع کرنا جانتی ہیں، وزیراعلٰی بلوچستان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعلٰی بلوچستان میر جام کمال نے کہا ہے برادر اسلامی ممالک کیساتھ پاکستان کے بہتر تعلقات اور افغانستان میں قیام امن کیلئے ہونے والے اقدامات بھارت ہضم نہیں کر پارہا، بلوچستان ترقی میں دوسرے صوبوں سے ضرور پیچھے ہے مگر وطن کی مٹی کیلئے ہمارے جذبات کسی سے کم نہیں، ملک مخالف سوچ رکھنے والے اپنی سوچ میں تبدیلی لائیں، سکیورٹی فورسز اور ریاستی ادارے ملک کے دفاع کیلئے سو فیصد واضح سوچ اور موقف رکھتے ہیں۔ گذشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے مزید کہا کہ مودی سرکار نے ہمیشہ انتخابات سے قبل پاکستان مخالف نفرت انگیز مہم چلا کر بھارتی عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کی بھارت پاکستان کی ترقی اور خطے میں مثبت کرداد برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومتی اداروں میں موجود یکجہتی کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے، ہماری عسکری قوتیں ملک کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب بھی پاکستان نے دنیا میں اپنا مقام بنانے کی کوشش کی ہندوستان کے ایک گروہ نے رخنہ ڈالا، کیونکہ یہ گروہ پاکستان کے تعلقات کسی کے ساتھ اچھے نہیں دیکھنا چاہتا۔
جام کمال خان نے کہا کہ جب ہمارے معاملات بہتری کی جانب بڑ ھ رہے ہوتے ہیں عین اس وقت بھارت کی جانب سے کشمیر میں حالات خراب کردیئے جاتے ہیں اور پاکستان پر جارحیت کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس مرتبہ بھی بھارت اس سوچ میں تھا کہ مغربی ممالک کے جھکاؤ اور کمزور معیشت کی وجہ سے پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب نہیں دیگا، لیکن پاکستان نے جس طریقے سے اپنا مربوط موقف اختیار کیا ہے وہ عالمی دنیا نے بھی دیکھ لیا اور جس طرح پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہم نے اس کوشش کو بھی ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا کردار منفی ہوتا تو خطے کے حالات مزید خراب ہوتے، جس طرح افغانستان سمیت دیگر ممالک میں عدم برداشت منفی رویوں کی وجہ سے حالات مزید خراب ہوئے، ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان میں ویسے حالات ہوں۔ ہم ذمہ دار اور باصلاحیت ملک ہیں، جسے آسانی سے سمجھ کر ہینڈل کرنا آسان کام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جارحانہ پالیسی نہیں اپناتے لیکن ہماری بردباری کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان جراتمند اور باصلاحیت ملک ہے اور پوری دنیا ہماری صلاحتیوں سے بخوبی واقف ہے۔ ساتھ دنیا میں پاکستان کا ایک اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ پورے ملک کے عوام کی طرح اپنے وطن کے دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں، اگرچہ صوبے کے لوگ پسماندہ ہیں اور ہمارے بہت سے لوگوں کو پتہ بھی نہیں کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے، ہمارے جذبات وطن کی مٹی کیلئے پختہ ہیں اور یہ جذبات تا ابد قائم رہیں گے۔