ایران، قطر اور ترکی جیسے ممالک سعودیہ سے دوستی کے باوجود پاکستان کے پیچھے کھڑے ہیں، فواد حسن چوہدری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدی نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج 70 برس بعد بھارت منقسم اور پاکستان متحد ہے اور کامیابی ہمیشہ متحد لوگوں کی ہوتی ہے۔ لاہور میں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بھارت نے ہمیں کمزور کیا تو ہم انہیں کمزور کرنا چاہیں گے لیکن ہم ایک آپشن دیتے ہیں کہ آئیں بیٹھیں آپ اپنی بات رکھیں ہم اپنی بات کرتے ہیں، اگر گفتگو کے بغیر ہر چیز کا جواب بم سے دینے کی کوشش کریں گے تو سامنے والا بھی کتنا انتظار کرے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب میں اپنا فلسفہ پیش کیا کہ ہم مستحکم افغانستان چاہتے ہیں اور بھارت کے ساتھ معمول کے تعلقات چاہتے ہیں، اس سے یہ فائدہ ہوا ہے کہ پاکستان دنیا کی 2 بڑی مارکیٹوں چین اور بھارت کے درمیان ہوگا اور سامنے ہمارے وسطی ایشیا ہوگا، یہ وزیر اعظم کا وژن ہے اور اس میں پاک فوج اور سیاسی قیادت نے ثابت کیا ہے کہ ہم اس وژن کو پانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارا کشمیر سے 1947 سے رشتہ ہے اور بھارت کو اس مسئلے کو حل کرنا پڑے گا، اس کے حل کے بغیر آپ آگے جا نہیں سکتے، بھارت کو وزیر اعظم عمران خان نے پیغام دیا کہ آئیں بات کریں اور معاملات حل کریں، پوری دنیا بھی پاکستان کے اس موقف کی تائید کر رہی ہے۔تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت کو اپنی سوچ بدلنے کی ضرورت ہے، کشمیر یا پلوامہ کا واقعہ کیوں ہورہا ہے یہ بھارت کو سوچنے کی ضرورت ہے، اس علاقے کو اتنا عسکری بنا دیا ہے کہ 10 کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے کشمیر کو دیکھنے میں فرق ہے، بھارت اسے علاقے کے طور پر دیکھتا ہے جبکہ ہمارا کشمیریوں سے لہو کا رشتہ ہے، ہم نے کشمیر کے لیے 3 جنگیں لڑی ہیں اور پاکستانیوں نے ان کے لیے قربانیاں دی ہیں، جب وہاں کسی خاتون کے ساتھ زیادتی یا بچے پر پیلٹ گن کا استعمال ہو تو ہمیں لگتا ہے کہ کسی نے ہمارے چہرےکو مسخ کردیا اور جب کشمیر کے نوجوان پر گولی چلتی ہے تو ہمیں اپنا لہو بہتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے بائیکاٹ کے باوجود یہ بات سامنے ہےکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب پاکستان کے دوست ہیں اور ایران، قطر، ترکی جیسے ممالک پاکستان کے پیچھے کھڑے ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ سب اس لیے ممکن ہوسکا کیونکہ پاکستان میں اتحاد تھا، ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے اختلافات کو پس پشت ڈال کر کہا کہ بھارت کے معاملے میں سب اکھٹے ہیں اور ہمارا مستقبل روشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ اس وقت ایک تقسیم شدہ بھارت سے ہے جبکہ پاکستان متحدہے ۔