بھارت اور اسرائیل گٹھ جوڑ مسلمان دشمنی کے سوا کچھ نہیں، قاسم شمسی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ انڈیا اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کیخلاف سازش اور عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے، حالیہ بھارتی جنگی جنون نے یہود و ہنود کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سامراجی طاقتوں کی تخلیق کردہ دہشتگرد اور ناجائز صیہونی ریاست نے گزشتہ سال بھارت سے تعلقات کو اسلام اور پاکستان دشمنی پر استوار کیا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ عالم اسلام نے اس سازش کیخلاف اقدامات نہیں کئے۔
مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں کی بھارتی جارحیت سے دنیا پر آشکار ہو گیا ہے کہ بھارت اور اسرائیل گٹھ جوڑ مسلمان دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ایک جانب یہود و ہنود اسلامی ریاست کیخلاف سازشوں میں مگن ہیں تو دوسری جانب او آئی سی منافقانہ طرز عمل اپنائے ہوئے ہے، ہمیشہ کی طرح عالم اسلام کیخلاف سازش کرنیوالے ظالموں کی آواز کو پہلے زیادہ مضبوط کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن، کشمیر، فلسطین اور پاکستان پر بھارتی جارحیت کیخلاف اصولی موقف اپنانے کی بجائے او آئی سی نے منفی کردار اپنایا یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ یہود و ہنود مسلمانوں کے ازلی دشمن ہیں، انڈیا کشمیری مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، تو اسرائیل نہتے فلسطینیوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہا ہے، اسرائیل اور بھارت خطے میں ملک عزیز پاکستان کوخطرہ سمجھتے ہیں اور انڈیا امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ پاکستان سمیت عالمی امن کیلے خطرے کی گھنٹی ہے۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ایک طرف صیہونی ریاست اسرائیل پاکستان کیخلاف سازشوں میں مگن ہے تو دوسری جانب پاکستان میں صیہونی گماشتے اسرائیل نوازی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ہمیشہ فلسطینی کاز پر سودے بازی کرنیوالوں کو مسترد اور ذلیل و رسوا کیا ہے اور اس مرتبہ بھی بھارتی جارحیت کے دوران اسرائیلی سازش بے نقاب ہونے سے صہیونی گماشتوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی ممالک باہمی اتحاد کیساتھ ساتھ عرب ملکوں اور عالمی برادری کو بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ سے خطے میں پیدا ہونیوالے خطرات سے آگاہی کیلئے سفارتی مہم چلائیں۔