پارلیمنٹ میں کالعدم تنظیموں کے حامی وزیروں کی موجودگی کاانکشاف، بلاول بھٹونے کارروائی کا مطالبہ کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کالعدم جماعتوں کے حامی وزرا کو پارٹی سے نکالا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر بروقت عمل درآمد کیا گیا ہوتا تو آج دنیا میں پاکستان کی پوزیشن کچھ اور ہوتی، بھارت کے پاس پاکستان پر انتہاپسندی کے الزامات لگانے کا جواز نہ ہوتا، جبکہ ہمارے پاس دنیا کو دکھانے کے لیے انتہاپسندوں کے خلاف کارروائی کے ثبوت ہوتے۔
چیرمین پیپلز پارٹی نے کالعدم تنظیموں کے خلاف نئے کریک ڈاؤن سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ امید ہے اس بار یہ کریک ڈاؤن صحیح معنوں میں ہوگا اور نیشنل ایکشن پلان پر مسلسل عمل ہونا چاہیے جس پر نظر رکھنے کے لیے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کو فوری فعال کرنا ضروری ہے۔
بلاول نے کہا کہ انھیں حکومت کی ان کوششوں پر تھوڑا شک ہے کیونکہ تحریک انصاف نے الیکشن انہی کالعدم جماعتوں کے تعاون سے لڑا ہے، تاہم اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اسے اپنی جماعت سے ایسے وزیروں کو باہر کرنا ہوگا جو ان کالعدم جماعتوں کی حمایت کرتے ہیں۔