حکومت ریاست مدینہ کی دعویدار لیکن شیعہ نسل کشی جاری، علامہ اقتدار نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) علامہ اقتدار حسین نقوی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ڈیرہ اسماعیل خان، کراچی اور دیگر شہروں میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیوں کے خلاف ملک بھر میں جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منایا جارہا ہے، ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، ملک کے دیگر صوبوں کی طرح جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع بشمول ملتان، بہاولپور، رحیم یارخان، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازیخان، علی پور، میانوالی، کبیروالا میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں 10 سے زائد شیعہ مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے ریاست مدینہ کے دعویدار کے پی کے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کی جان اور مال کی حفاظت کس کی ذمہ داری ہے۔؟ اُنہوں نے کہا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو قیادت کے حکم پر ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کریں گے۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ جاری ہے، رحیم یار خان میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران دو جوانوں کو لاپتہ کر دیا گیا، ریاستی ادارے ہمارے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا جواب دیں۔