پاک ایران ریلوے ٹریک اپ گریڈ کرنے اور ٹرین سروس شروع کرنے پر اتفاق
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان اور ایران کے درمیان ریلوے ٹریک اپ گریڈ کر کے ٹرین سروس بحال کرنے اور اس سلسلے میں مزید معاہدے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ایرانی محکمہ ریلوےکے وفد نے ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہورمیں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ریل کے باہمی رابطے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفد میں ایرانی ریلوے کے نائب صدر ٹیکنیکل اینڈ انفراسٹرکچر مازیر یزدانی، ڈائریکٹر جنرل ویگن مہدی حاجی بگہری، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سعید غوہاری، ڈیزائننگ ایکسپرٹ ریلوے محمد الوان دی، ایرانی ریلوے مشینری ایکسپرٹ سید ضیاءالدین سمیت دیگر افسران نے شامل تھے، جبکہ پاکستان ریلوے کی جانب سے چیئرمین ریلوے جلال سلطان سکندر، سی ای او ریلوے آفتاب اکبر، ڈی جی ایم ریلوے فرید احمد، اے جی ایم زبیر شفیع غوری، ظفراللہ کلواڑ، اعجاز بروڑو سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ میں دو طرفہ ریلوے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک ایران ٹرین سروس کو بڑھانے کے حوالے سے مختلف معاہدے کئے جائیں گے۔ اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور ہم سے ریل ٹریک کے ذریعے بھی متصل ہے، دونوں ممالک کی اکانومی کے ایک حصے کا ریل پر انحصار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ٹریک اَپ گریڈ کرکے فاصلوں کو کم کیا جائے۔