بے گناہ شیعہ لاپتہ نوجوانوں کو فی الفور رہا کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا حق رکھتے ہیں، علامہ عباس کمیلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ملک بھر بالخصوص کراچی میں شیعہ نوجوانوں کے اغوا کا سلسلہ بند کروائیں۔ علامہ عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے اور بے گناہ نوجوانوں کو لا پتہ کر کے من گھڑت مقدمات میں ملوث کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کسی شخص پر شک بھی ہو تو بھی قانونی طریقہ کار اپنایا جائے ۔ جبری گمشدگیاں اور لاپتہ کیا جانا کسی طور پر قبول نہیں۔
علامہ عباس کمیلی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو متنبہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملت جعفر یہ کے عمائدین کے قتل میں ملوث دہشت گرد سال ہا سال بیت جانے کے باوجود گرفتارنہیں کیے گئے اور اب شہر کراچی میں آئے روز بے گناہ نوجوانوں کا سلسلہ فی النور بند کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت جعفر یہ میں ریاستی اداروں کے جبری عمل سے شدید تشویش پائی جاتی ہے اور ملت جعفر یہ اپنے حقوق کے دفاع کے لئے کسی قسم کے راست اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے حکومت اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ بے گناہ شیعہ لاپتہ نوجوانوں کو فی الفور رہا کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔ اس موقع پر جعفر یہ الائنس پاکستان کے تمام عہدیداروں نے اجلاس میں جبری گمشدگیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔