پاکستانی شیعہ خبریں

دہشتگردوں سے آڑھے ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، شہریار آفریدی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے پیر کے روز وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ذوالفقار عباس بخاری کی ہونے والی ملاقات میں بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور ٹھکانوں کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید موثر بنانے، قانون نافذ کرنے والے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید مستحکم کرنے اور نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل فیاض حسین شاہ، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ہزار گنجی بم دھماکہ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور دہشت گردی کے اس واقعہ کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ ساتھ صوبے کی سکیورٹی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کے استحکام کے خلاف گہری سازش قرار دیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، وزیر مملکت برائے داخلہ نے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کی کاوشوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے وفاقی حکومت کو بھرپور معاونت کی فراہمی کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو پرامن اور ترقی یافتہ بنانا وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے اور وہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ان کا پیغام لے کر بلوچستان آئے ہیں کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں صوبے کے امن اور ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں، ان اقدامات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے متعلقہ وفاقی محکمے اور ادارے صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان اہم امور پر کوآرڈینیشن نہ ہونے کے باعث بہت سے مسائل پیدا ہوئے، جن کا فائدہ ملک دشمن عناصر نے اٹھایا، تاہم اب ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونے دی جائے گی، دہشت گردی کو ایندھن فراہم کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور غیر ریاستی عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، جس کی کوئی بھی گارنٹی نہیں دے سکتا، تاہم حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button