کراچی، ایم ڈبلیو ایم کا ٹارگٹ کلنگ اور شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سانحہ ہزار گنجی، اوماڑہ اور ڈی آئی خان ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور کشمیر کے تمام اہم شہروں میں ستر سے زیادہ مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ احتجاجی مظاہروں کا مقصد دہشتگردی سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور دہشتگردی کے ناسور کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا تھا۔
کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے خوجہ جامع مسجد کھارادر، جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد، جامع مسجد دربار حسینی ملیر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ملک میں جاری دہشت گردوں کی کاروائیوں کے خلاف نعرے بازی کی اور کراچی میں جبری گمشدہ افراد کی جلد بازیابی کے مطالبہ سمیت شیعہ عمائدین کے خلاف ریاستی آپریشن کی مذمت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بلوچستان کی ناامنی کے پیچھے ہندوستان ہے جس کو امریکہ اور اسرائیل کی مکمل آشیرباد حاصل ہے، سانحہ ہزار گنجی کے فوری بعد ہی کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت نے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے، سانحہ ہزار گنجی کے مجرمان بھی وہی ہیں جنہوں نے کوسٹل ہائی وے پر سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو قتل کیا ہے، ان کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔
مقررین نے کہا کہ ریاستی اداروں کی جانب سے چادر اور چار دیواری کو پامال کیا جارہا ہے جو ہرگز قابل قبول نہیں، اگر حکومت نے ملت جعفریہ کے جبری گمشدہ افراد کو رہا نہ کیا تو بہت جلد ملگ گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے۔