پاکستانی شیعہ خبریں

کوئٹہ، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل محمد فیاض جیلانی کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  کوئٹہ میں وزیراعلٰی بلوچستان سے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل محمد فیاض جیلانی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں انہوں نے گذشتہ دنوں اورماڑہ کے قریب رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں پاک بحریہ کے جوانوں کی شہادت پر پاک بحریہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پاکستان کی بحری سرحدوں کی نگہبانی کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی کے لئے پاک بحریہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم و صحت کے شعبوں کی ترقی کے اقدامات اور مکران کوسٹل ہائی وے کی حفاظت کے لئے پاک بحریہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

جام کمال خان نے اس موقع پر کہا کہ پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کی امین ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے، جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی پاک بحریہ نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔ خاص طور سے اورماڑہ میں نیول کیڈٹ کالج اور ہسپتال کے علاوہ گوادر اور دیگر علاقوں میں بحریہ کے ایجوکیشنل کمپلیکس مکران اور صوبہ بھر کے نوجوانوں کو تعلیم اور مقامی لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے۔

دونوں شخصیات کی ملاقات کے دوران اسکولوں کے سلیبس میں میری ٹائم کے مضمون کو شامل کرنے، تعلیم و صحت کے شعبوں میں صوبائی حکومت اور پاک بحریہ کے باہمی تعاون کے فروغ اور مکران کوسٹل ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی اور کمانڈر کوسٹ نے وزیراعلٰی کو اس حوالے سے بریفنگ دی، ملاقات میں ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کابھی جائزہ لیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button