پی ٹی آئی حکومت طلبہ یونین بحالی کا وعدہ پورا کرے، قاسم شمسی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے وفد نے لاہور میں اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور تنظیم کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان قاسم شمسی کر رہے تھے۔ ملاقات میں دونوں طلبہ دونوں تنظیموں کے سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور، اتحاد بین المسلمین بالخصوص طلبہ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں تنظیموں کے رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے طلبہ یونینز کی فوری بحالی وقت کی ضرورت ہے۔
مرکزی صدر آئی ایس او محمد قاسم شمسی کا کہنا تھا کہ طلبہ یونین پر پابندی سے جامعات میں مکالمہ کی فضاء ختم ہوئی اور شدت پسندی میں اضافہ ہوا، گزشتہ دو سالوں میں جامعات میں انتہا پسندی کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طلبہ یونین پر پابندی کا خاتمہ ہونا چاہیئے موجودہ حکومت نے طلبہ یونین بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا اب وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے طلبہ یونینز کو بحال کیا جائے۔ وفد میں مرکزی جنرل سیکرٹری عارف حسین اور سابق ترجمان آئی ایس او نسیم کربلائی بھی شامل تھے۔