شیعہ مسنگ پرسنز بازیاب نہ ہوئے تو اگلا دھرنا وزیر خارجہ شاہ محمود کے گھر کے باہر ہوگا، علامہ اقتدار حسین نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ اگر شیعہ مسنگ پرسنز بازیاب نہ ہوئے تو اگلا دھرنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے باہر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم کے منتظر ہیں، ہم حکومت کو مزید کچھ وقت دیتے ہیں، وہ ہمارے مسنگ پرسنز کو فوری رہا کر دے، ورنہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں پاکستان تحریک انصاف کے وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے گھروں کے باہر احتجاجی دھرنے دیں گے اور انہیں گھروں میں محصور کر دیں گے۔
علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ ملتان کا اگلا دھرنا وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے باہر ہوگا، جنہوں نے ہزاروں شیعیان حیدر کرار کے ووٹ لیے مگر آج تک ایک لفظ بھی مظلوموں کے حق میں نہ بول سکے، بلکہ وہ استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ہم حکومت سے کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے، لیکن اپنے پیاروں کی اس طرح تذلیل نہیں ہونے دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ ایجنسیاں جو کل تک ہمارے جوانوں کی گمشدگی ماننے کے لیے بھی تیار نہیں تھیں، آج وہی پیادے بیرونی آقائوں کے اشاروں پر سنگین الزامات لگا رہے ہیں، حکومت اور اس کے کارندوں کو شرم آنی چاہیئے، حکمرانوں کو خدا کی لاٹھی سے ڈرنا چاہیئے۔