لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی،ملکی استحکام،او ر بیرونی مداخلت کے خلاف 21 مئی کو کراچی میں طاقت کا مظاہرہ کریں گے، سربراہ ایم ڈبلیو ایم
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کراچی: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ قومی وبین الاقوامی حالات سنگین صورت اختیار کرچکے ہیں ، ویسٹرن ایشیاء میں تبدیل ہو تا سیاسی منظر نامہ پاکستان پر بھی منفی اثرات مرتب کررہا ہے ، امریکا اور اسکی اتحادی عرب بادشاہتوں کی مداخلت کے باعث پاکستان داخلی و خارجی سازشوں کا شکار ہو رہا ہے، نواز حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مصروف پاک افواج کو ایک بار پھر امریکی ایماء پر تیزی سے زوال پذیر عرب بادشاہتوں کی بقاء کی ناکام جنگ میں دھکیلنا چاہتی ہے، امید ہے کہ ہماری پاک افواج کرپٹ نواز حکومت کے ان ناپاک عزائم کا شکار نہیں ہونگے اور اپنی تمام تر توجہ پاکستان کو دہشتگردی کے بحران سے نکالنے پر مرکوز رکھیں گے، دہشتگردوں کے علمی ،نظریاتی اور صحافتی سہولت کاروں کو بھی آپریشن ردا لفساد کے تحت قانون کے شکنجے میں جکڑیں گے، آج ملک بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں بے گناہ محب وطن شیعہ علمائے کرام و شخصیات کو امریکا اور اسکی غلام عرب بادشاہتوں کی ایماء اورمداخلت کے باعث ماورائے عدالت اغواء کیا جا چکا ہے، اگر جلد بازیابی عمل میں نہیں لائی گئی توپانچ کروڑ شیعہ مسلمان سڑکوں پر نکل کر ظلم جابر حکمرنوں کا اقتداربہا لے جائیں گے، محب وطن ملت تشیع تمام تر ظلم و ستم سہنے اور ہزاروں قیمتی ترین شہداء دینے کے باوجود پاکستان کو امریکا اور اسکی ہمنوا عرب بادشاہتوں کے چنگل سے نکالنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ماضی کی طرح آج بھی امریکا ، اسرائیل، بھارت اور عرب بادشاہتوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بناتے رہیں گے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 21 مئی کوکراچی کے نشتر پارک میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے کہاکہ رمضان سے قبل ہونے والی استحکام پاکستان و امام مہدی کانفرنس لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی، ملک میں بیرونی مداخلت ، عزاداری میں بے جا حکومتی رکاوٹوں اور ملکی مسائل کے حل کیلئے سود مند ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مسجد و امام بارگاہ مدینۃ العلم گلشن اقبال میں ’’قومی و بین الاقوامی صورتحال اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی، صوبائی و ڈویژنل عہدیداران، کارکنان اور عوام کثیر تعداد میں موجود تھی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکا اور اسکی اتحادی عرب بادشاہتیں مداخلت کے باعث پاکستان داخلی و خارجی سازشوں کا شکار ہو رہا ہے، نواز حکومت نے عوامی خواہش کے برعکس اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لئے بغیر صرف اور صرف امریکا و عرب بادشاہتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے راحیل شریف کو متنازعہ ترین فرقہ وارانہ فوجی اتحاد میں شمولیت کیلئے بھیج دیا، جبکہ واضح ہے کہ فوجی اتحاد میں شمولیت اور راحیل شریف کو این او سی دینے کے اس فیصلے پر پاکستانی قوم اور پارلیمنٹ کو شدید تحفظات تھےاور وہ بھی ایک ایسے حساس ترین وقت میں جب وطن عزیز پاکستان دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے، ملک و قوم پہلے ہی آمر ضیاء کی بدترین پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ماضی کی فاش غلطیوں سے سبق سیکھنے کی بجائے امریکا نواز حکمران مزید ایسی غلطیوں کے مرتکب ہورہے ہیں، جس سے وطن عزیز دہشتگردی و عدم استحکام کی ایسی دلدل میں پھنس جائے گا جس سے نکلنا شاید ممکن نہ ہو سکے، ملک و قوم امریکا اور اسکی اتحادی عرب بادشاہتوں کی خوشنودی کی خاطر پہلے ہی نام نہاد جہاد کے ناقابل تلافی نقصانات سے مکمل طور پر نجات حاصل نہیں کر پائے تھے کہ ایسے میں ایک اور نام نہاد اسلامی فوجی اتحاد کے نام سے نئے امریکی اسرائیلی ڈرامے میں شامل ہو کر پہلے سے زیادہ وطن عزیز کو مشکلات سے دو چار کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، موجودہ کرپٹ نواز حکومت عرب بادشاہتوں کے اشارے پر امریکا اور اسرائیل کے بنائے ہوئے نام نہاد اسلامی فوجی اتحاد کا حصہ بن کر ملک و قوم کو نئے بحرانوں میں دھکیل رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ افواج پاکستان دہشتگردوں کے علمی ،نظریاتی اور صحافتی سہولت کاروں کو بھی آپریشن ردا لفساد کے تحت قانون کے شکنجے میں جکڑیں گے، ملت تشیع دہشتگردی کے خلاف جاری پاک افواج کے آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور پاک افواج کے شانہ بشانہ امریکی و عرب بادشاہت نواز تکفیری دہشتگرد عناصر کے خلاف میدان میں حاضر ہیں، لہٰذا انتہائی حساس ملکی و عالمی صورتحال کے پیش نظر حکمرانوں کو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کی خاطر ملک میں امریکی و عرب بادشاہتوں کی مداخلت کو فی الفور ختم کرنا ہوگا، کیونکہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک پاکستان کے تمام تر بحرانوں و مشکلات کی اصل وجہ امریکا اور عرب بادشاہتوں کی مداخلت ہی ہے اور ہمارے کرپٹ اور نااہل حکمران ملکی سلامتی کو چند ڈالر، ریال اور درہم کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں بے گناہ محب وطن شیعہ علمائے کرام اور شخصیات کو امریکا اور اسی غلام عرب بادشاہتوں کی ایماء اور ملک میں مداخلت کے باعث ماورائے عدالت اغواء کیا جا چکا ہے، امریکی و عرب بادشاہتوں کی ہی ایماء پر محب وطن ملت تشیع کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، اگر ہمارے محب وطن شیعہ علمائے کرام اور شخصیات کی جلد بازیابی عمل میں نہیں لائی گئی
تو بے گناہ اغوا کئے گئے علماء و شخصیات کی رہائی کیلئے پانچ کروڑ شیعہ مسلمان سڑکوں پر نکلیں گے، جو کرپٹ نااہل نواز حکومت کے ظلم و جبر پر مبنی اقتدار کو بہا لے جائیگا۔ محب وطن ملت تشیع تمام تر ظلم و ستم و اسیری سہنے اور ہزاروں قیمتی ترین شہداء دینے کے باوجود پاکستان کو امریکا اور اسکی ہمنوا عرب بادشاہتوں کے چنگل سے نکالنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، پانچ کروڑ محب وطن شیعہ مسلمان اپنے لہو کے آخری قطرے تک ملکی بقاء و سلامتی کی خاطر ماضی کی طرح اب بھی میدان میں حاضر رہینگے، ماضی کی طرح آج بھی امریکا ، اسرائیل، بھارت اور عرب بادشاہتوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔