مشرق وسطیہفتہ کی اہم خبریں

صیہونی حملوں میں 218 فلسطینی شہید

شیعہ نیوز: فلسطین میں اسرائیلی حملے جاری رکھنے سے متعلق اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان کے بعد تل ابیب کے جنگی طیاروں کے حملے دوسرے ہفتے میں داخل ہوگئے ہیں اور غزہ پر تازہ حملوں کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق مسلسل 10 منٹ تک جاری رہنے والے حالیہ فضائی حملوں سے غزہ شہر شمال سے جنوب تک لرز اٹھا۔

تازہ ترین اسرائیلی حملے گزشتہ ہفتے ہونے والے حملوں کے مقابلے میں زیادہ خطرناک اور وسیع پیمانے پر کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹے قبل ہونے والے حملے، جس میں 42 فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے، کے مقابلے میں آج ہونے والے حملے زیادہ خطرناک تھے۔

غزہ کی پٹی میں ہفتے بھر سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 58 بچے اور 34 خواتین سمیت 200 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے غزہ میں حماس کے 9 کمانڈروں کے گھروں پر حملے کیے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے تازہ ترین حملوں میں مرکزی ساحلی سڑک، سیکیورٹی کمپاؤنڈز اور کھلی جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنی نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملوں سے غزہ کے بجلی گھر سے جنوبی غزہ شہر کے بڑے حصوں تک بجلی فراہم کرنے والی ایک لائن کو نقصان پہنچا ہے۔

اتوار کو ٹیلیویژن خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل کے حملے ‘پوری قوت’ سے جاری ہیں اور جب تک ضرورت پڑی حملے جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل حماس سے ‘بھاری قیمت وصول کرنا چاہتا ہے’۔

دوسری جانب اتوار کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اسرائیل کی پرتشدد کارروائیوں سے متعلق تبادلہ خیال ہوا لیکن معاملے پر عدم اتفاق کے نتیجے میں مشترکہ بیان جاری نہیں ہوسکا۔

علاوہ ازیں چین نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ واشنگٹن ہی کونسل کو ‘مشترکہ بیان’ دینے سے روکتا ہے۔

سیو دی چلڈرن نامی این جی او کے مطابق پیر کے روز اسرائیلی حملوں سے غزہ میں ہر گھنٹے میں تقریباً 3 بچے زخمی ہوئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے دوران غزہ کے علاقے میں کم سے کم 58 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار تک غزہ میں ہونے والے حملوں میں ایک ہزار سے زیادہ افراد، جن میں 366 بچے بھی شامل ہیں، زخمی ہوئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button