راولپنڈی سبزی منڈی میں دھماکے سے ابتک 23 افراد جاں بحق، 42 سے زائد زخمی
شیعہ نیوز (راولپنڈی) راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی سبزی منڈی میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں، دھماکا خیز مواد پیٹیوں میں رکھا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پیر ودھائی سبزی منڈی راولپنڈی اور اسلام آباد کی مشترکہ سبزی منڈی ہے، جہاں علی الصبح دھماکا ہوا، جس میں جاں بحق افراد کی تعداد 23 تک جا پہنچی ہے، جب کہ 42 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، دھماکے کے زخمیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا خیز مواد سبزی پھلوں کی پیٹیوں میں رکھا گیا تھا۔ دھماکے سے سبزی اور فروٹ منڈی میں ہر طرف تباہی کے مناظر تھے اور لوگ چیخ و پکار کر رہے تھے۔ صبح کے وقت منڈی میں کافی رش ہوتا ہے، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، تاہم فی الحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا۔ دھماکے کی آواز 8 سے 10 کلو میٹر دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں، دفاتر اور بچے اسکولوں سے باہر نکل آئے، اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔
وائس چانسلر پمز اسپتال ڈاکٹرجاوید اکرم کا کہنا تھا کہ 23 لاشوں اور 31 زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں، زیادہ تر زخمیوں کو جسم کے نچلے حصے میں زخم آئے ہیں، 9 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو خون کی ضرورت ہے جو لوگ خون عطیہ کرنا چاہیں تو وہ پمز اسپتال کے بلڈ بینک سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 16 زخمیوں کو راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد خالد خٹک کا کہنا تھا کہ فروٹ منڈی میں ہونے والے دھماکے میں 5 کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکے کے وقت 2 ہزار کے قریب افراد منڈی میں موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ فروٹ منڈی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی تخریب کاری کی اطلاع موجود نہیں تھی، پولیس کے علاوہ فروٹ منڈی کی انتظامیہ نے بھی اس حوالے سے انتظامات کر رکھے تھے لیکن ہر ٹرک اور ہر شخص کو چیک کرنا ممکن نہیں، تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس، انسداد دہشت گردی پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، پاک فوج اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرکے فروٹ منڈی میں موجود اشیاء کی اسکیننگ شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب چیف کمشنر اسلام آباد طاہر سعید کا کہنا تھا کہ فروٹ منڈی میں امرود کی پیٹیوں کی بولی لگائی جا رہی تھی تو زور دار دھماکا ہو گیا، اس بات کا خدشہ ہے کہ دھماکا خیز مواد امرود کی پیٹیوں میں رکھا گیا تھا، دھماکہ ریموٹ کنٹرول کا معلوم ہوتا ہے، دھماکے کی جگہ پر 2 سے 3 فٹ کا گڑھا پڑ گیا ہے تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی دھماکے کی صحیح نوعیت کا پتہ چل سکے گا۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے فروٹ منڈی بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔