کالعدم تحریک طالبان کا 23 ایف سی اہلکاروں کو قتل کرنے کا دعویٰ
شیعہ نیوز (کے پی کے) کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی نے ایف سی کے 23 اہلکاروں کو قتل کر دیا۔کالعدم طالبان کا کہنا ہے کہ حکومت ہمارے ساتھیوں کو قتل کر رہی ہے، اس لیے انتقام لیا ہے۔ تحریک طالبان مہمند ایجنسی کے رہنما عمر خراسانی نے میڈیا کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ ایف سی اہل کاروں کو اتوار 16 فروری کو قتل کر دیا گیا ہے۔ ان اہل کاروں کو جون 2010ء میں شونکڑئی پوسٹ سے اغوا کیا گیا تھا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ایک طرف تو مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور دوسری طرف ہمارے ساتھیوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی اہلکاروں کا قتل، ساتھیوں کے خون کا انتقام ہے، حکومت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے ساتھیوں کا انتقام لینا جانتے ہیں۔ خراسانی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اپنی روش سے باز نہ آئی تو آئندہ ہمارا ردعمل اس سے بھی زیادہ سخت ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی حکومت دہشت گردوں اور کالعدم جماعتوں سے امن مذاکرات کر رہی ہے جب کے ملک دشمن کالعدم تحریک طالبان اپنی دہشت گردانہ کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔