پاکستانی شیعہ خبریں

جنگ اور جیو نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو 25 مئی کو دھرنا دیں گے،سنی اتحاد کونسل

شیعہ نیوز (کراچی) سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور انجمن نوجوانان اسلام کے رہنما طارق محبوب نے کہا ہے اگر جنگ اور جیو نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا اور مبینہ توہین آمیز مارننگ پروگرام نشر کرنے پرمعافی نہ مانگی تو 25مئی کو سہ پہر تین بجے جنگ کے دفتر کے باہر آئی آئی چندریگر روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا جائیگا، دھرنے میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور فیصل رضا عابدی بھی شرکت کرینگے۔ وہ اتوار کو جنگ، جیو کے دفترکے باہر آئی آئی چندریگر روڈ پر خود ساختہ عوامی کٹہرے کے درجنوں افراد سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فوج کے تمام اداروں کے سربراہوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جنگ، جیو کا قبلہ درست کریں۔ جنگ کے مالکان اپنے خدائی فوجدار نواز شریف کے گھر سے عوام اور علماء سے معافی مانگے۔ جنگ انتظامیہ علماء سے رجوع کریں علماء سو سے نہیں نواز شریف جنگ کی بیک پر ہے وہ آنکھیں کھولیں ورنہ ان کا بستر باندھ دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جب بات ایمان اور عقیدے تک پہنچ جائے، اسلامی جمہوریہ پاکستان کی افواج کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے۔ آئی ایس آئی پر الزامات عائد کئے جائیں اور اس پر ندامت اور معافی کے بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جائے تو ان سب باتوں کے خلاف اہل وطن کا غم و غصہ فطری عمل ہے۔ ایسے معاملات کے بعد علماء اور ہر محب وطن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے ایمانی اور قومی جذبوں کے تحت آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور حقائق پر مبنی صورتحال سے ملک و قوم کو آگاہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ پروگرام ناقابل معافی جرم ہے۔ حکومت شائستہ واحدی اور گستاخی کے مرتکب تمام افراد کو گرفتار کر کے سزا دے۔ آئین اور قانون حرکت میں آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود ساختہ اور من گھڑت الزامات کو کوئی مسلمان اور محب وطن کسی قیمت پر بھی برداشت نہیں کر سکتا۔ اس لئے یہ عوامی کٹہرا جیو اور جنگ کے خلاف دوٹوک عوامی فیصلہ دے رہا ہے کہ گستاخانہ پروگرام کرنے، قومی سلامتی کے اداروں، پاک فوج اور آئی ایس آئی پر الزامات لگانے پرجیو اور جنگ کا نہ صرف عوامی سطح پر اور ہر فورم پربائیکاٹ کیا جائے بلکہ پابندی عائد کرکے قانون کے مطابق مقدمات قائم کئے جائیں۔ جیو اور جنگ نے پاک فوج اور آئی ایس آئی پر جو الزامات لگائے ابھی اس کے زخم محب وطن پاکستانی عوام کے دل و دماغ پر تازہ تھے کہ ملک و ملت کو ایک نئے امتحان سے دوچار کر دیا گیا۔ مارننگ شو میں گستاخیاں کی گئیں اب بھی اگر حکمرانوں نے آنکھیں نہ کھولیں تو بات عوامی کٹہرے، احتجاج، مظاہروں اور ریلیوں سے آگے پہنچی تو اسکی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ لہٰذا عوامی ترجمانی کا حق ادا کرتے ہوئے جنگ اور جیو کا بائیکاٹ اور بندش کا عوامی فیصلہ ہر مسلمان اور ہر محب وطن پاکستانی کے دل کی ایمانی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ، جیو کے ملازمین ہمارے بھائی ہیں ہم انکے متبادل روزگار کا بندوبست کرینگے۔ قبل ازیں خود ساختہ عوامی کٹہرہ سے خطاب کرتے ہوئے محفوظ یار خان نے جنگ اور جیو پر فوج، آئی ایس آئی کو بدنام کرنے اور اسلامی شعائر کا مذاق اڑانے کے الزامات عائد کئے اور کہا کہ میں نے جنگ، جیو کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ مفتی اقبال نے کہا کہ جنگ،جیو خارجی، یہودی اورگمراہ ہے ان کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے۔ سنی علماء کونسل کا فتویٰ ہے کہ جیو دیکھنا حرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف تم دو بار رسوا ہو چکے ہو اب تیسری بار بھی رسوا ہوگے خودساختہ کٹہرا سے مولانا مبشر علی قادری اور اشرف گورمانی نے بھی خطاب کیا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button