شیعہ علماء کونسل کی مرکزی کونسل کا اجلاس 25، 26 اور 27 اپریل کو ہوگا
شیعہ نیوز (راولپنڈی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی کونسل کے ایک اہم ترین اجلاس جامعہ الصادق ؑ جی نائن اسلام آباد میں 25، 26 اور 27 اپریل کو منعقد ہوگا جس میں اہم ملکی و بین الاقوامی مسائل کے علاوہ تنظیمی صورتحال اور کارکردگی کے حوالے سے باہمی تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ مرکز کے علاوہ صوبے،علاقے، شعبہ جات اور ذیلی تنظیمیں اپنی اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کریں گی۔ اس حوالے سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی دفتر میں ایک اہم اور ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں علامہ عارف حسین واحدی ، پروفیسر خادم حسین لغاری،معظم علی بلوچ ، جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری اور سکندر عباس گیلانی نے شرکت کی۔
اجلاس میں موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں شیعہ علماء کونسل کی سینٹرل کمیٹی اور سینٹرل کونسل کے اجلاس کی اہمیت اور افادیت کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیاگیا بالخصوص کارکردگی رپورٹس اور حفاظتی معاملات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ۔ میٹنگ میں مرکزی اجلاس کی نشستوں اور ایجنڈے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی اور اجلاس کو زیادہ سے زیادہ مفید و موثر بنانے کے لیے تجاویز پر غور کیاگیا۔ یادرہے مرکزی کونسل کے اجلاس میں ملک بھر سے تنظیمی عہدیداران، ضلعی صدور و سیکریٹریز، ڈویژنل صدور و سیکریٹریز ،صوبائی صدور و کابینہ ، مرکزی کابینہ اور نامزد اراکین، شعبہ جات اور ذیلی تنظیموں کے سربراہان و عہدیداران شرکت کریں گے۔