علامہ راجہ ناصرعباس کےپانچ روزہ دورہ سندھ اور 25دسمبر کو حیدرآباد میں لبیک یارسول اللہﷺ کانفرنس کا اعلان
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جامشورو: مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے زیر انتظام مرکز تحقیقات و تبلیغات اسلامی جامشورو میں 2روزہ صوبائی تعلیمی و تربیتی ورکشاپ کا انتظام کیا گیا ۔ورکشاپ سے قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، سید ناصر شیرازی ،مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی ،بزرگ عالم دین علامہ حیدر علی جوادی اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین الہیٰ ا ہداف کی حامل انقلابی جماعت ہے ،جس میں تعلیم و تربیت کو خصوصی اہمیت حامل ہے ۔لہذٰا نصاب کے مطابق کارکنوں کو تعلیم و تربیت پر توجہ دینی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ 25دسمبر کو حیدر آبا د میں عظیم الشان لبیک یا رسول اللہ ﷺ کانفرنس منعقد ہوگی ،جبکہ قائد وحدت 20دسمبر سے صوبہ سندہ کا دورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم فکر خمینی ؒ کے وارث اور قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینیؒ کے معنوی فرزند ہیں ،ہم ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کا عہد کرتے ہیں ،سر زمین پاکستان کے محب وطن شہری ہونے کی حیثیت سے اس ملک کی تعمیر و ترقی اور تحفظ ہمارے فرائض میں شامل ہے۔مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ میں دہشت گردی اور تکفیری سوچ کے خلاف امن پسند قوتوں کا الائنس تشکیل دینا چاہتی ہے ۔