27 مارچ کو بھٹ شاہ میں عظیم الشان عوامی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، ایم ڈبلیو ایم سندھ شوریٰ کا فیصلہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی شوریٰ کا دو روزہ سہہ ماہی اجلاس مرکز تبلیغات و تعلیمات اسلامی جامشورو میں منعقد ہوا، علامہ مختار امامی کی زیر صدارت اجلاس میں مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، رکن شوریٰ عالی علامہ حیدر علی جوادی، علامہ احمد اقبال رضوی، مہدی عابدی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اجلاس میں سندھ بھر کے اضلاع نے شرکت کی اور اپنی اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ دو روزہ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کی سندھ میں فعالیت کا جائزہ لیا گیا اور تنظیمی پیش رفت اور خامیوں پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 27 مارچ کو بھٹ شاہ میں عظیم الشان عوامی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس میں وادی مہران کے ہزاروں غیرت مند شہری شرکت اور شیعہ سنی علمائے کرام و قائدین خطاب کریں گے، علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ تھر میں انسانیت سسک رہی ہے، حکمران خواب غفلت کا شکار ہیں، علامہ مختار امامی اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر تھر کے قحط متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں، ضروریات کا جائزہ لے کر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور مزید ضروریات کی رپورٹ مجھے ارسال کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی الیکشن نزدیک ہیں کسی تنظیمی عہدیدار کو کنونسنگ کی اجازت نہیں، یہ عمل غیر اخلاقی و غیر شرعی ہے، ایم ڈبلیو ایم میں کسی قسم کی دھڑے بندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ایم ڈبلیو ایم ضلع مٹیاری کے سیکریٹری جنرل مولانا اختر عباس اور ان کی ٹیم کو ضمنی الیکشن میں شاندار کارکردگی پر خراج تحسین بھی پیش کیا