جے ایس او طالبات کا پہلا یوم تاسیس 28 جنوری کو پورے عزم و استقلال کیساتھ منایا جائیگا، سدرہ نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان طالبات کی مرکزی آرگنائزر سیدہ سدرہ نقوی نے اعلان کیا ہے کہ جے ایس او طالبات کا پہلا یوم تاسیس 28 جنوری کو نہایت عزم و استقلال کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا گذشتہ سال جے ایس او طالبات پاکستان نے علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر تنظیم سازی کا آغاز کیا، ملک بھر میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات پاکستان کی تنظیم سازی مہم شروع کی اور نہایت قلیل مدت میں اس میں کامیابی حاصل کی۔ گذشتہ ایک سال میں فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، بھکر، لاہور، لاڑکانہ، جتوئی، مظفر گڑھ، ناروال، گجرات، راولپنڈی، اٹک، لیہ، کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو آدم، جامشورو، بھٹ شاہ، میر پورخاص، نوابشاہ، نوشیرو فیروز، سکھر اور ڈیرہ اسماعیل خان کے دورہ جات کئے۔ علامہ ساجد نقوی کے حکم پر جے ایس او طالبات پاکستان کی مرکزی آرگنائزنگ باڈی بنائی گئی، جسکی مرکزی آرگنائزر سیدہ سدرہ نقوی، معاون مرکزی آرگنائز (پنجاب) شجیعہ زہراء علوی، صوبائی آرگنائزر سیدہ ندا زہرا نقوی، معاون مرکزی آرگنائزر (سندھ) مرضیعہ بتول، صوبائی آرگنائزر (سندھ) طاہرہ حسینی جبکہ گلگت بلتستان میں انیلہ کاظمی کو معاون مرکزی آرگنائزر نامزد کیا گیا۔
جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات پاکستان نے ایک سال میں جو پروگرام منعقد کئے، ان کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے:
* ملک بھر میں مختلف یونٹس میں سیرت النبی (ص) کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔
* حجاب آگاہی مہم (ہفتہ حجاب فروری میں منایا گیا)۔
* ماہ معرفت امام زمانہ ؑ /ماہ شعبان۔
*ماہ تربیت/ ماہ رمضان المبارک۔
* سانحہ شکار پور پر ملک گیر احتجاج میں طالبات نے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی۔
* مختلف شہروں میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپس کا انعقاد۔
* تین روزہ مرکزی تربیتی ورکشاپ بعنوان "فکر حسینی ورکشاپ” اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔
* یونٹس میں یوم پاکستان، یوم قائد اعظم، یوم اقبال منایا گیا۔
مرکزی آرگنائزر سیدہ سدرہ نقوی نے کہا کہ اب ہم 28 جنوری کو جے ایس او طالبات پاکستان کا یوم تاسیس اس عزم و استقلال کے ساتھ منائیں گے کہ جس مقصد کے لئے علامہ ساجد نقوی نے تنظیم کی بنیاد رکھی۔ ہم اس مقصد کے حصول کے لئے سخت جدوجہد کریں گے اور جے ایس او طالبات پاکستان کا مقصد طالبات کی تعلیم و تربیت میں تعاون کرنا اور انکو پاکستان کے لئے کارآمد بنانا ہے، ہم اپنے قائد کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے پاکستان کو پڑھی لکھی، تربیتی یافتہ اور کارآمد طالبات دیں گے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے استحکام و ترقی کے لئے کوشاں رہیں گے۔ انشاء اللہ