پاکستانی شیعہ خبریں

کل 28 فروری جمعہ کو ملک بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خلاف ’اینٹی طالبان ڈے‘ منایا جائے گا

شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت المسلمین ، سنی اتحاد کونسل، سنی تحریک اور دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی اپیل پر کالعدم انتہا پسند جماعت تحریک طالبان اور ملک دشمن شدت پسند تنظیموں اور ان کے حامیوں کی اسلام اور پاکستان دشمنی کےخلاف کل 28 فروری جمعہ کے دن ملک بھر میں   ’اینٹی طالبان ڈے‘  منایا جائے گا۔
 سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کل 28 فروری کو ملک گیر ’’اینٹی طالبان ڈے‘‘ منانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس روز ملک بھر میں ’’طالبان کے غیر شرعی طرز عمل‘‘ کے موضوع پر خطباتِ جمعہ ہوں گے اور جمعہ کے اجتماعات میں عوام کو طالبان کی اسلام و پاکستان دشمنی سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں خطباء سے رابطے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اینٹی طالبان ڈے کے موقع پر جمعہ کے اجتماعات میں طالبان کی دہشت گردی کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں قراردادیں منظور کی جائیں گی اور عوام سے دہشت گردی کے خلاف حقیقی جہاد میں شرکت کا حلف لیا جائے گا جبکہ نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر دہشت گردی کے خلاف اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے جائیں گے۔
 سنی تحریک کے صوبائی صدر محمد شاداب رضا نقشبندی کا کہنا ہے کہ کل 28 فروری بروز جمعۃ المبارک سنی تحریک ملک بھر ”اینٹی طالبان ڈے” منائے گی۔ مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور جلسے منعقد کئے جائیں گے۔  پاکستان کا بچہ بچہ طالبان اور ان کی حامی جماعتوں کے خلاف اعلان جہاد کیلئے تیار ہے، ملک میں تعلیم اور صحت کے فروغ، تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترقی کیلئے قیام امن ضروری ہے، حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ سنی تحریک کے زیراہتمام کل ملک بھر میں اینٹی طالبان ڈے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کی ذات نہیں بلکہ سب سے پہلے پاکستان اور اس کی خودمختاری عزیز ہے، نام نہاد مذہبی ٹھیکیداروں کو انکا ذاتی اسلام اور شریعت نافذ کرنے نہیں دیں گے، پاک فوج، پولیس، ایف سی، علماء مشائخ اقلیتوں کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پاکستان میں ریاست کے اندر ریاست قائم نہیں کرنے دیں گے، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 18 کروڑ عوام کو مٹھی بھر دہشت گردوں سے تحفظ اور امن کی یقین دہانی کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری غیر یقینی اور عدم تحفظ کی صورت حال کو قابو کرنے کیلئے دہشت گردوں کو کچلنا ہو گا، دہشت گردوں کی حمایتی جماعتوں کے منحوس چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، پاکستان اولیاء اللہ کی دھرتی ہے کسی کو خون خرابہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button