لاڑکانہ، رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکوں میں ایک اہلکارشہید، 3 زخمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) لاڑکانہ: رینجرز گاڑی کے 2 دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جب کہ 3 اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا مطابق لاڑکانہ میں رینجرز موبائل جیسے ہی رینجرز ہیڈ کوارٹر سے معمول کی گشت پر نکل کر میرو خان چوک کے قریب پہنچی تو سائیکل ميں نصب بم پھٹ گیا جب کہ بعد میں ایک کریکردھماکا ہوا اور فائرنگ بھی کی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں 3 رینجرز اہلکارشاہد سیال، راشد حسین اور غلام نبی سمیت 7 افراد زخمی ہوئے جنھیں چانڈ کا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اہلکارشہید ہو گیا جس کا تعلق لاڑکانہ سے ہے جب کہ زخمی ایک اہلکار کومہ میں چلا گیا۔
دھماکوں کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا جس میں اب تک 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری جانب رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں رینجرز کی موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رینجرز موبائل کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔