کوئٹہ، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں لشکر جھنگوی کے 3 دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کوئٹہ سریاب کے علاقے لنک بادینی روڈ پر فرنٹئیر کور اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگرد تکفیری تنظیم لشکر جھنگوی کے تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ایف سی کے مطابق آپریشن میں لشکر جھنگوی کے مزید دو دہشتگردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ایف سی نے گذشتہ شب دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر جب سریاب روڈ پر کارروائی کی، تو دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی۔ بعدازاں ایف سی کی جوابی کارروائی سے کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی کے 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ مذکورہ آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔ ایف سی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکے اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ میں مارے جانے والے دو دہشتگردوں کی شناخت نوید الرحمٰن اور عمران رئیسانی کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ تیسرے دہشتگرد کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی۔