
غزہ میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک، 2 زخمی
شیعہ نیوز:عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دھماکا اُس وقت ہوا جب اسرائیلی فوجیوں کی ایک گاڑی غزہ میں داخل ہونے کے لیے وہاں سے گزر رہی تھی۔
اسرائیلی فوج کے اہلکار غزہ میں ایک جلتی ہوئی بکتر گاڑی کو بجھانے کے لیے جانے والے فائر انجن کو تحفظ فراہم کرنے گئے تھے لیکن واپسی پر خود نشانہ بن گئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دھماکا بارودی سرنگ تھا اور اُسی راستے پر تقریباً 20 مزید بم برآمد کیے جو پھٹنے سے رہ گئے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ عسکریت پسندوں نے اسرائیلی فوج کے قافلے کے راستے کا کیسے پتا لگایا اور بم کب نصب کیے۔
سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت اسٹاف سارجنٹ 20 سالہ لیور اسٹین برگ، اسٹاف سارجنٹ 20 سالہ اوفک برہانہ اور اسٹاف سارجنٹ 22 سالہ عمر وان گیلڈر کے ناموں سے ہوئی۔
خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد غزہ میں اسرائیلی فوج کا یہ سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔
غزہ میں حماس کے ساتھ دوبدو جنگ اور سرحدی تصادموں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 423 ہوگئی۔