طالبان بنانے والے جامعہ حقانیہ کیلئے 30 کروڑ روپے فراہم کرنا افسوسناک ہے، ندیم نصرت
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) متحدہ قومی موومنٹ کے کنونیئر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقم میں سے 30 کروڑ روپے جامعہ حقانیہ کیلئے مختص کئے، جو کہ انتہائی افسوسناک عمل ہے، اس مدرسے سے طالبان نے جنم لیا، یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ تفصلات کے مطابق ندیم نصرت نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے حالیہ بجٹ میں 30 کروڑ روپے جامعہ حقانیہ کیلئے مختص کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی پر خرچ ہونا چاہیے، لیکن خیبر پختونخوا حکومت نے یہ رقم جامعہ حقانیہ کیلئے مختص کی ہے، اس مدرسے کے بارے میں یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ یہاں سے طالبان نے جنم لیا، جو آج پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں، اور جن کی وجہ سے آج پوری دنیا کی انگلیاں پاکستان پر اٹھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک صوبائی حکومت ہی کسی ایسے مدرسے کی مالی مدد کرے گی، تو ملک میں دہشتگردی کس طرح ختم ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعہ حقانیہ کو رقم فراہم کرکے عمران خان کی تحریک انصاف نے ایک بار پھر طالبان سے اپنے گہرے اور دیرینہ تعلقات کا عملی ثبوت فراہم کیا ہے۔