پاراچنار، مزار قائد پر شہید کی 30ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آج 5 اگست کا دن ہے، 1988ء میں اسی روز جمعہ کو امریکہ کے اشارے اور آل سعود اور صدام کے تعاون سے چند پاکستانی زرخرید غلاموں نے شیعیان پاکستان کے عظیم قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کو جامعۃ الشہید پشاور میں بوقت صبح صادق گولی مارکر شہید کردیا۔ اسی سانحے کی یاد میں آج دنیا کے متعدد ممالک کے علاوہ پاکستان میں بھی متعدد شہروں میں عظیم الشان پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔ چنانچہ ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام اسلام آباد، تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیر اہتمام جامعۃ الشہید پشاور جبکہ تحریک حسینی پاکستان کے زیر اہتمام پیواڑ میں مزار قائد پر شہید کی 30ویں برسی کا انعقاد کیا گیا۔
شہید عارف حسین الحسینی کی برسی عرصہ تیس سال سے تحریک حسینی کے زیر اہتمام انکے مزار پیواڑ میں منعقد ہوتی رہی ہے۔ تاہم 2007ء کے بعد کرم میں ہونے والے فسادات کے باعث یہ پروگرام چند سال تک پیواڑ کی بجائے پاراچنار میں مدرسہ رہبر معظم میں منعقد ہوتا رہا۔ شہید کی 30ویں برسی کی مناسبت سے آج انکے مزار پر ایک بار پھر ایک عظیم اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک بھر خصوصا کرم کے کونے کونے سے ہزاروں متوالیان شہید حسینی نے شرکت کی۔ پروگرام میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن، نیز پنجاب اور دیگر اضلاع کے امامیہ برادران نے شرکت کی۔