لاہور میں جیولر کو تکفیری گروہ داعش کا خط موصول، 33 تولے سونے کا مطالبہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) لاہور کے علاقے سول لائن کے علاقہ میں مقامی جیولر کو کالعدم تنظیم داعش کے نام سے بھتہ کا خط موصول ہوا ہے۔ متاثرہ شخص نے ایس پی سول لائن کو اندارج مقدمہ کی درخواست دے دی۔ پولیس نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سول لائن کے علاقہ میں آصف نامی شخص جواہر جیولرز کے نام سے نقی آرکیڈ میں عرصہ 28سال سے کاروبار کر رہا ہے۔ متاثرہ شخص کے مطابق 27 نومبر کو کالعدم تنظیم داعش کے امیر رضا نامی شخص کی جانب سے دھمکی آمیز خط وصول ہوا جس میں لکھا تھا کہ 33 تولہ خالص سونا اپنے ملازم اعجاز کے ہاتھ بھیج دو جگہ کا تعین تم کو ایک روز میں بتایا جائے گا اور نہ دینے کی صورت میں خاندان کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ جو حال تمہارے بہنوئی شفیق کا کیا گیا تھا سونا نہ دینے پر تمہارا بھی ویسا ہی حال کیا جائے گا۔ محمد آصف نے دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد ایس پی سول لائن کو درخواست دے دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے جلد حقائق واضح ہو جائیں گے۔ اس حوالے سے حساس ادارے کے افسر کا کہنا تھا کہ لاہور میں کالعدم داعش کا کوئی وجود نہیں۔ بظاہر لگتا ہے کہ ذاتی دشمنی کی وجہ سے کسی قریبی شخص نے داعش کے نام سے بھتہ کا خط بھجوایا ہے، تاہم تفتیش شروع کردی گئی ہے۔