پاکستانی شیعہ خبریں

جیکب آباد، ماتمی جلوس میں خودکش دھماکہ، 35 افراد شہید، 200 سے زائد زخمی

شیعہ نیوز: ڈسٹرکٹ جیکب آباد کے علاقے میں محرم الحرام کے جلوس کے دوران خودکش دھماکے میں 35 افراد شہید، جبکہ 200 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جیک آباد کے لاشاری محلہ اس وقت دھماکے سے گونج اٹھا، جب نامعلوم سمت سے خودکش حملہ آور نے محرم الحرام کے سلسلے میں نکالے گئے جلوس کو اپنا ہدف بنایا، نویں محرم الرام کا جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں دواں تھا کہ خودکش بمبار نے عزاداروں اور جلوس کے شرکاء کو اپنا نشانہ بنا ڈالا، دھماکے کے بعد ہر طرف افرا تفری اور چیخ و پکار مچ گئی۔ ریسکیو ذرائع اور پولیس کے مطابق دھماکے میں اب تک 35 افراد شہید جبکہ 200 زخمی ہوئے ہیں، دھماکے کے بعد جلوس کے راستے کی مزید سکیورٹی سخت کر دی گئی، جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، اندھیرے کے باعث ریسکیو کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔ دھماکے کے بعد جیکب آباد کے سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے کے بعد صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے جیکب آباد دھماکے کی رپورٹ آئی جی سندھ سے طلب کر لی ہے۔ وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دھماکے پر صدر مملکت اور وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پرزور مذمت کی گئی، وزیراعظم نے اس دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق سندھ کے شہر جیکب آباد میں ایک ماتمی جلوس کے دوران دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور چار بچوں سمیت کم از کم 35 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا نیوز کے مطابق دھماکہ جیکب آباد کے لاشاری محلے میں نو محرم کے جلوس میں ہوا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی جیکب آباد ظفر اقبال نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے جائے وقوع سے ایک لاش کا نچلہ حصہ برآمد کیا ہے جو ممکنہ طور پر خودکش بمبار کا ہوسکتا ہے۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ ڈاکٹر حسن مراد شاہ نے کہا کہ جیکب آباد ضلع کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ اردگرد کے اضلاع سے بھی ایمبولینسز کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال اور امام میڈیکل سینٹر جیکب آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے کے بعد سندھ بلوچستان سرحد کو سیل جبکہ رینجرز اور پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع بولان میں ایک امام بارگاہ کے باہر مبینہ خودکش حملے میں کم از کم 10 افراد شہید ہوئے تھے۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے جیکب آباد میں دھماکے کی مذمت کی ہے جبکہ انہوں نے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button