انقلاب اسلامی کی 36ویں سالگرہ، لاہور میں ایرانی ثقافتی نمائش
شیعہ نیوز (لاہور) اسلامی جمہوریہ ایران کے اسلامی انقلاب کی چھتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہور کے زیراہتمام ایوان اقبال گیلری میں ایک ثقافتی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس لاہور نے کیا۔ اس موقع پر محمد حسین بنی اسدی قونصل جنرل ایران لاہور، اکبر برخورداری ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہور، انجمن خوشنویسان لاہور کے صدر اور مشہور خطاط عرفان احمد خان، عمران سلطان، خطاط اعجاز خان کے علاوہ مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے اساتذہ، طلباء اور خواتین و حضرات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ نمائش میں موجود حاضرین نے نمائش کو بہت سراہا اور خانہ فرہنگ ایران لاہور کی اس کاوش کی تعریف کی۔
خانہ فرہنگ ایران لاہور کے زیراہتمام تین روزہ ثقافتی نمائش میں خصوصی طور پر بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکار استاد ناصر جواہر پور خطاط، امیرجوکار، خوشنویسی کے استاد اور قاری قرآن کریم، علی فلاح کردی، محمد علی فرشید، منی ایچر اور تذھیب، حاشیہ آرائی، بھی اس نمائش میں خصوصی طور پر ایران سے تشریف لائے ہیں اور ان کے فن پارے بھی اس نمائش کی زینت بن رہے ہیں۔ یہ ہنر مند لوگوں کے سامنے ہی اپنے فن کا مضاہرہ بھی کر رہے ہیں۔ ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ یہ نمائش تین روز 11 فروری سے 13 فروری 2015 تک جاری رہے گی۔ اس نمائش کے اوقات روزانہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ہیں۔ اس نمائش کے لئے داخلہ مفت ہے اور دعوت عام ہے۔